
نیویارک : مسلمان تنظیموں کی جانب سے نیویارک میں انڈین قونصلیٹ کے سامنے بڑا احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرین نے حضور پاک (ص) کی شان میں گستاخی پر بی جے پی حکومت پہ کڑی تنقید کی اور ہندوستان میں بڑھتی ہوئی انتہا پسندی اور مسلمانوں کی دل آزادی پہ اپنے غم اور غصہ کا اظہار کیا ، مظاہرین کا کہنا تھا کہ منصوبہ بندی کے تحت مسلمانوں کے آقا اور محبوب ترین ہستی کو نشانہ بنا کر ہندوستان آزادی رائے کے پردے پیچھے چھپنے کی کوشش کر رہا ہے ، مودی حکومت نے دکھاوے کے لئے کاروائی کی جبکہ اس کی مذمت اعلیٰ ترین سطح سے ہونی چاہئے تھی ، مظاہرین کا کہنا تھا کہ وہ امریکا میں انڈین اسٹورز کے بائیکاٹ کا اعلان کرتے ہیں اور تمام مسلمانوں سے جو کہیں بھی بستے ہوں ہندوستانی مصنوعات کے مکمل بائکاٹ کی اپیل بھی کرتے ہیں۔ پولیس اور سیکیورٹی نافذ کرنے والے اداروں کی کثیر تعداد نے نیویارک میں ہزاروں مسلمانوں کے انڈین قونصل خانے کے اطراف جمع ہونے پہ تمام راستوں کو بند کردیا اور قونصلیٹ کی حفاظت کے لئے اضافی نفری بھی تعینات کردی ۔
مظاہرے میں پاکستان ، ہندوستان ، بنگلہ دیش مصر انڈونیشیا اور دیگر ممالک کے مسلمانوں نے شرکت کی جبکہ مسلمان تنظیموں نے امریکہ کے تمام بڑے شہروں میں مظاہروں کا اعلان کردیا ، یہ بھی اعلان کیا گیا ہے کہ مودی حکومت کی جانب سے واقع کی مذمت اور قصوروار عہدیداروں کو سزا دیے بغیر مظاہرے ختم نہی ہوں گے ۔


































