رپورٹ: عدیل زیدی
پاکستان میں وہ ملک ہے، جہاں مختلف مکاتب فکر کے پیروکار آباد ہیں، بلکہ تقسیم ہند سے قبل سینکڑوں سالوں سے یہاں بسنے والے مسلمانوں میں مجموعی طور پر بھائی چارہ، رواداری اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی مثالی رہی ہے، گلی، محلوں میں اکٹھے رہنا، ایک دوسرے کے دکھ درد میں شریک ہونا، ایک دوسرے کی مذہبی رسومات میں شریک ہونا بلکہ آپس میں رشتہ داریاں تک ہوا کرتی تھیں۔ تاہم 80ء کی دہائی کے بعد، جیسے ان محبتوں کو کسی دشمن کی نظر لگ گئی ہو، اس دوران تکفیری سوچ کو باقاعدہ منصوبہ بندی کے تحت فروغ دیکر پاکستان میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو سبوتاژ کیا گیا، لشکر اور سپاہیں بنیں۔ گو کہ اس تکفیری سوچ کے مقابلہ میں تمام مکاتب فکر کے جید علمائے کرام نے بھرپور مزاحمت کی اور رواداری کو قائم رکھنے میں اہم کردار ادا کیا، جس کی وجہ سے آج تک فرقہ وارانہ شدت پسند طبقہ اپنی تمام تر کوششوں کے باوجود اپنے عزائم میں مکمل طور پر کامیاب نہیں ہوسکا، تاہم ملک میں فرقہ واریت کا بیج بو دیا گیا۔
اس تکفیریت کا سب سے بڑا ہدف تشیع تھے، جنہوں نے ہزاروں شہداء کی قربانیاں دینے کے باوجود روز اول سے لیکر آج تک نہ صرف صبر کا دامن تھامے رکھا بلکہ اپنے شرعی وظیفہ کی بجا آوری کے تحت اکابرین ملت تشیع نے اتحاد بین المسلمین کو اپنا ہدف بنائے رکھا، ہمیشہ محبتیں بانٹیں، رواداری اور بھائی چارے کا پیغام عام کیا۔ یہ فریضہ ادا کرنے والوں میں ایک نام ’’علامہ سید شہنشاہ حسین نقوی‘‘ کا ہے، گذشتہ کئی سالوں سے وہ منبر سے اپنا یہ فرض انتہائی احسن طریقہ سے ادا کرتے چلے آرہے ہیں، وہ دلوں کو توڑنے نہیں بلکہ جوڑنے کی باتیں کرتے آرہے ہیں، ان کی مجالس میں ہمیشہ سے شیعہ، سنی اتحاد کا پرچار کیا جاتا رہا ہے، یہی وجہ ہے کہ وہ اہل تشیع کیساتھ ساتھ اہلسنت حلقوں میں بھی بے پناہ مقبولیت پا رہے ہیں، جس طرح شیعہ حلقوں میں مولانا طارق جمیل کو خصوصی احترام حاصل ہے، اسی طرح بعض دیگر شیعہ علمائے کرام کی طرح علامہ شہنشاہ نقوی اہلسنت عوام میں خاصی محبت اور احترام کے حامل ہیں۔ تاہم لاہور کے ایک تھانہ میں ایک پرانے ویڈیو کلپ کی آڑ میں علامہ شہنشاہ حسین نقوی پر ایف آئی آر درج کر دی گئی۔
محبتیں بانٹنے والے عالم دین پر ایف آئی آر کے اندراج پر اہل تشیع کیساتھ ساتھ اہلسنت میں بھی تشویش اور اضطراب کی لہر دوڑ گئی، افسوسناک امر یہ ہے کہ ایف آئی آر میں انسداد دہشتگردی ایکٹ کی دفعہ 11W شامل کی گئی ہے, موصولہ اطلاعات کے مطابق لاہور کے تھانہ ستوکتلہ میں یہ ایف آئی آر خالد محمود ولد خواجہ اصغر علی نامی شخص کی جانب سے دائر کی گئی ہے۔ درخواست میں موقف اپنایا گیا ہے کہ ’’سید شہنشاہ نقوی نے اپنی تقریر کے دوران صحابہؓ کی شان میں گستاخانہ الفاظ استعمال کئے اور ان کی تقریر کو ’’باقر ٹی وی‘‘ پر بھی نشر کیا گیا۔ علامہ شہنشاہ نقوی کے ان الفاظ سے صحابہ کرام کی توہین ہوئی اور ہمارے جذبات مجروح ہوئے ہیں، جس پر ان کیخلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔‘‘ واضح رہے کہ جس ویڈیو کلپ کی بنیاد پر ایف آئی آر کا اندراج ہوا ہے، اس وہ کلپ کافی پرانا ہے اور اس میں کسی صحابی رسول (ص) کے حوالے سے بات تک نہیں ہوئی۔
اس حوالے سے شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی نائب صدر علامہ محمد رمضان توقیر سے رابطہ کیا تو انہوں نے ردعمل میں کہا کہ علامہ سید شہنشاہ حسین نقوی کیخلاف ایف آئی آر کے اندراج کی پرزور الفاظ میں مذمت کرتے ہیں، یہ اقدام کسی طور پر بھی درست نہیں۔ علامہ صاحب ہمیشہ شیعہ سنی اتحاد، محبت اور بھائی چارے کی بات کرتے ہیں، وہ لوگوں کو قریب کر رہے ہیں، اہل تشیع کیساتھ ساتھ وہ اہلسنت برادران کے حلقوں میں بھی مقبول ہو رہے ہیں، لہذا یہ سب تکفیریوں کو ہضم نہیں ہو رہا، وہ نہیں چاہتے کہ ملک میں اس قسم کے محبت کے پیغامات عام ہوں، اسی وجہ سے سید زادرے پر ایف آئی آر کٹوائی گئی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں امید ہے کہ ہمارے اہلسنت علمائے کرام بھی اس حوالے سے ہمارے موقف اور علامہ شہنشاہ نقوی کی بھرپور حمایت کریں گے اور منفی سوچ رکھنے والوں کو شکست ہوگی، ہم کسی طور پر بھی اس قسم کے ہتھکنڈوں سے مرعوب نہیں ہوں گے اور اپنا مشن حسینی اسی طرح جاری رکھیں گے۔
علاوہ ازیں مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے ترجمان علامہ مقصود علی ڈومکی نے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ علامہ سید شہنشاہ حسین نقوی کیخلاف جس بغض اور کینے کا اظہار کیا جا رہا ہے، یہ بنیادی طور پر مکتب اہلبیتؑ کیخلاف دشمنی کی عکاسی ہے۔ یہ یزید کا حامی ٹولہ ہے، جس نے گذشتہ سال بھی پاکستان میں فرقہ واریت کو ہوا دینے کی کوشش کی، وہ پاکستان میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور محبت کی فضاء کو سبوتاژ کرنا چاہتے ہیں، اس میں کالعدم جماعتیں ملوث ہیں۔ پاکستان کے ریاستی اداروں کو اس کا فوری نوٹس لینا چاہیئے، پاکستان میں پاک فوج کی قربانیوں کیوجہ سے جو امن کی فضاء قائم ہوئی ہے، ان عناصر کو یہ امن ہضم نہیں ہو رہا، ایسے میں علامہ شہنشاہ حسین نقوی جیسی محب وطن، اتحاد بین المسلمین کی علمبردار شخصیت کیخلاف مہم افسوسناک ہے۔ ریاستی ادارے بیرونی ایجنڈے پر چلنے ہوئے انتشار پھیلانے والوں کا راستہ روکیں اور شیعہ، سنی وحدت کیلئے اپنا کردار ادا کریں، ہم اس حوالے سے مکمل تعاون کرنے کیلئے تیار ہیں۔
































