
لاہور: وزیراعظم کے معاون خصوصی مولانا طاہر اشرفی نے کہا کہ جن لوگوں نے اہل تشیع کی اذان کو دہشت گردی سے تعبیر کیا ہے وہ خود دہشت گرد ہیں، متحدہ جمعیت اہل حدیث پاکستان کے زیر اہتمام پیغام پاکستان کانفرنس سے خطاب میں مولانا طاہر اشرفی نے کہا کہ یہ 1990 کی دہائی نہیں کہ تکفیری عناصر مساجد اور امام بارگاہوں کو خون سے نہلا دیں، اب وہ دن گذر گئے، حکومت کسی کو اجازت نہیں دے گی کہ ملک میں کسی بھی قسم کی شرپسندی پھیلائی جائے، ہر کسی کے عقائد کا احترام کرنا ضروری ہے ، کسی کے مقدسات کی توہین کسی صورت قابل برداشت نہیں، انہوں نے کہا کہ شیعہ اور سنی کو لڑانے کیلئے عالمی استعماری طاقتیں ملک میں سرگرم ہیں،تمام مکاتب فکر کے علماء کو ہوشمندی کا مظاہرہ کرنا ہوگااور ان دشمن قوتوں کی مذموم سازشوں کو مل کرناکام بناناہوگا، انہوں نے کہا کہ متحدہ جمعیت اہل حدیث کے زیر اہتمام آج کی یہ کانفرنس اتحاد بین المسلمین کا بہترین مظہر ہے،ساتھ ہی مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی شیعہ سنی اتحاد کیلئے کوششیں بھی قابل ستائش ہیں وہ شیعہ سنی مکاتب فکر کے درمیان گہرا اثر رکھتے ہیں۔


































