
واشنگٹن : امریکا کے معاون وزیر خارجہ ڈونلڈ لو آج کانگریس میں پیش ہوکر پاکستان میں انتخابات پر بریفنگ دیں گے۔ پاکستان میں انتخابات پر ڈونلڈ لو نے بیان دیا ہے جسے امریکی کانگریس کی خارجہ امور کمیٹی میں پیش کیا جائے گا۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان کے انتخابات 2024 کا گہرائی سے جائزہ لیا، انتخابات سے قبل تشدد کے واقعات پر خصوصاً تشویش رہی، انتخابات سے پہلے پولیس، سیاستدانوں، سیاسی اجتماعات پر دہشتگرد حملے ہوئے۔ نتائج کو مرتب کرنے میں کچھ بے ضابطگیاں ہوئیں۔ انتخابات کا انعقاد بڑی حد تک مسابقتی اور منظم تھا، تشدد کی دھمکیوں کے باوجود 6 کروڑ پاکستانیوں نے ووٹ ڈالے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کئی صحافیوں خصوصاً خواتین صحافیوں کو پارٹی سپورٹرز نے ہراساں کیا، عالمی الیکشن مبصر تنظیم نے کہا انہیں ملک کے تقریباً آدھے حلقوں میں ووٹ گنتی کی آبزرویشن سے روکا گیا۔ ڈونلڈ لو کا کہنا ہے کہ ہائیکورٹ کے حکم کے باوجود الیکشن والے دن موبائل فون ڈیٹا سروس بند کی گئی، موبائل ڈیٹا سروس سے پاکستانی سوشل میڈیا اور میسیج ایپلیکیشنز استعمال کرتے ہیں۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ القاعدہ اور داعش سے درپیش خطرات سے نمٹنے میں پاکستان سے تعاون کر رہے ہیں۔ پاکستان میں مذہبی آزادی، انسانی حقوق کا احترام بڑھانے کےلیے کام کر رہے ہیں۔


































