
لاہور: آیت اللہ ڈاکٹر حمید شہریاری نے کہا ہے کہ مغربی طاقتیں شیعہ سنی فسادات کرانے کیلئے مختلف حربوں اور سازشوں سے پوری طرح کوششیں کررہی ہیں۔ان سازشوں کو وحدت امت کیساتھ ہی ناکام بنایا جا سکتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار عالمی ادارہ تقریب مذاہب ِ اسلامی ایران کے سربراہ آیت اللہ ڈاکٹر حمید شہریاری نے خانہ فرہنگ لاہور میں وحدت مذاہب اسلامی کانفرنس سے خطاب میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا اللہ، رسول، کتاب ایک ہے، ہم ایک نبی کی امت ہیں اگر متحد ہو کر رہے تو غالب رہیں گے بصورت دیگر مغلوب کر دیئے جائیں گے۔ اتحاد میں ہی ہماری بقاء ہے جس کیلئے امت کے رہنماؤں بالخصوص علماء کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ کانفرنس میں ڈائریکٹر جنرل خانہ فرہنگ جعفر روہناس، عالمی اداره تقریب مذاہب اسلامی کے رکن مولانا نذیر احمد سلامی، سرپرست ایرانی قونصلیٹ لاہور مرتضیٰ فراتی اور چیئرمین علما مشائخ بورڈ مفتی سید عاشق حسین اور دیگر شیعہ سنی علمائے کرام اور شخصیات نے شرکت کی۔


































