
نابلس: صیہونی فوج نے مغربی کنارے کے قدیم شہر نابلس میں متعدد مساجد پر دھاوا بولا اور تاریخی النصر مسجد کو آگ لگا دی۔ صیہونی فوجی فجر کی نماز سے قبل نابلس شہر کے کئی محلوں میں گھس گئے۔ تلاشی کے نام پر آٹھ مساجد میں توڑ پھوڑ کی۔ باب الصحا میں واقع النصر مسجد کو آگ لگا دی اور نابلس کے میونسپل فائر فائٹرز کو آگ بجھانے سے روک دیا۔ آگ نے امام کے کوارٹر کو مکمل طور پر تباہ کر دیا، مسجد کی دیواروں اور قالینوں کو نقصان پہنچا۔
النصر مسجد 1187 میں مسجد میں تبدیل ہونے سے پہلے رومی دور کے چرچ کے طور پر تعمیر کی گئی تھی۔ وزارت اوقاف نے عالمی برادری اور انسانی حقوق کے بین الاقوامی اداروں سے مطالبہ کیا کہ وہ مساجد کے خلاف ایسے وحشیانہ حملوں کو روکنے اور ختم کرنے کے لیے مداخلت کریں۔
ادھر اسرائیلی قابض حکام نے ہیبرون میں مسجد ابراہیمی کا انتظام فلسطینی وزارت اوقاف کے حوالے کرنے سے انکار کردیا ہے جیسا کہ ہر سال رواج ہے۔ وزارت اوقاف نے کہاہے کہ یہ ایک خطرناک اور بے مثال قدم ہے۔


































