
بیروت : صیہونی فوج نے جنگ کا دائرہ لبنان تک پھیلا دیا۔ جنوبی لبنان کے شہر نباطیہ میں رہائشی اپارٹمنٹ کو میزائل سے نشانہ بنایا۔ ڈرون سے داغے گئے میزائل سے عمارت تباہ ہوگئی اور ایک ہی گھر کے 6 افراد شہید اور سات زخمی ہوگئے شہدا میں چار بچے بھی شامل ہیں۔ ایک اور حملے میں مزید تین افراد مارے گئے۔ گائیڈڈ میزائل کے حملے میں حزب اللہ کے بھی دو جوان شہید ہوئے۔ اسرائیلی قابضین کے ڈرونز نے لبنان کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کی ہے۔ اسرائیلی حملے کے بعد آج سرکاری محکموں اور دفاتر کو بند رکھنے کا اعلان کیا گیا۔ اسرائیل نے اپنے حملے کا جواز حزب اللہ کی کارروائی کو قرار دیا ہے۔ حزب اللہ نے مقبوضہ علاقے میں اسرائیلی فوجی اڈے پر کامیاب حملہ کیا تھا جس میں ایک فوجی ہلاک اور کئی زخمی ہوگئے۔ فوجی اڈے کو شدید نقصان پہنچا ہے۔


































