
تعلیمی اداروں میں طالبات کے تحفظ کیلئے قانونی سازی کے متعلق دائر درخواست پر لاہور ہائیکورٹ نے تحریری حکم جاری کرتے ہوئے سیکرٹری اسکولز ایجوکیشن کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دینے کا حکم دیدیا۔ عدالت نے چیئرپرسن چائلڈ پروٹیکشن بیورو کو بھی 21 نومبر کو ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کا حکم دیا ہے۔ جسٹس جواد حسن نے خاتون صباح فاروق کی درخواست پر سماعت کا تحریری حکم جاری کیا۔ عدالت نے گزشتہ روز کی سماعت کے متعلق تحریری حکم جاری کیا جو 7 صفحات پر مشتمل ہے۔ پنجاب حکومت کی جانب سے اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل محمد عثمان خان، اسپیشل سیکرٹری اسکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ اور چائلڈ پروٹیکشن آفیسر سمیت دیگر افسر ہوئے۔
تحریری حکم کے متن کے مطابق سیکرٹری اسکولز ایجوکیشن کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دی جائے۔ چیئرپرسن چائلڈ پروٹیکشن بیورو عدالت کو چائلڈ پروٹیکشن پالیسی کے حوالے سے آگاہ کریں۔ سیکرٹری اسکول ایجوکیشن کی سربراہی میں تشکیل دی گئی کمیٹی کی سفارشات اور کارکردگی آئندہ سماعت پر پیش کی جائیں۔ تحریری حکم میں کہا گیا ہے کہ وفاقی اور پنجاب حکومت کے لاء افسران کمیٹی کے کنوینیر کو معاونت فراہم کریں، کیس کی آئندہ سماعت 21 نومبر کو ہوگی۔


































