
لاہور : شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی نے کہاہے کہ ہمارے بزرگان کی محنتوں کا نتیجہ ہے کہ ملت جعفریہ ایک روشن باب کی طرح عیاں ہے۔ جامعہ مخزن العلوم الجعفریہ شیعہ میانی میں سالانہ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے علامہ میثمی نے کہا کہ میں شکریہ ادا کرتا ہوں آپ تمام میزبانوں کا، جنہوں نے مجھ حقیر کو اس عظیم الشان اور پر رونق پروگرام میں شرکت کی دعوت دی۔ بزرگان ملت کی خدمات کو ہم سلام عقیدت پیش کرتے ہیں، عالم اسلام آج جن شخصیات کے ایک اعلان سے لرزاں ہو جاتا ہے، وہ یہ مراجع، علماء کرام جیسی عظیم ہستیاں ہیں۔ ہم کو اللہ تعالٰی کا شکر ادا کرنا چاہیئے کہ خداوند متعال نے ہم کو عاشقان ولایت بنایا اور یہ نظام ولایت ہے، جس سے آج کی شیطانی طاقتیں حیران و پریشان ہیں۔ دنیا یاد رکھے، جب خیبر والے علی ابن ابی طالب (ع) کے مرید میدان میں اترتے ہیں تو اللہ اکبر کے نعروں سے اور حضرت ولی العصر (عج) کی مدد و نصرت سے تاریخ رقم کرتے ہیں، شہادت تو سعادت ہے، یہی وجہ دشمن کو ختم کر دیتی ہے۔


































