
ویانا : عالمی ایٹمی توانائی ایجنسی کا کہنا ہے کہ غزہ جنگ کے سبب مغربی طاقتیں ایرانی ایٹمی پروگرام پر سخت موقف اپنانے سے ہچکچا رہی ہیں۔ وائس آف امریکا نے آئی اے ای اے کے سفارتکار کے حوالے سے پروپیگنڈا کیا ہے کہ مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کے سبب ایران اپنا ایٹمی پروگرام تیزی سے آگے بڑھا رہا ہے۔ اس نے عالمی طاقتوں سے تعاون بھی کم کردیا۔ جس کا اظہار رواں ہفتے ویانا میں آئی اے ای اے میٹنگ کے دوران امریکا ،برطانیہ اور فرانس کی جانب سے کیا گیا۔ ایران کے عدم تعاون پر تنقید کے باوجود عالمی طاقتوں نے کوئی سخت قرارداد پاس کرنے سے گریز کیا۔ ایک سینئر سفارت کار نے موجودہ تعطل کا خلاصہ کرتے ہوئے کہا کہ تصویر کافی تاریک ہے، لیکن اس وقت حقیقت یہ ہے کہ مشرق وسطیٰ میں جنگ کے تناظر میں ایران کے ردعمل کو بھڑکانے کی کوئی خواہش نہیں ہے۔


































