
غزہ: غزہ میں شہید کئے گئے پندرہ رضاکاروں سے متعلق ویڈیو نے اسرائیلی دعوؤں کا بھانڈا پھوڑ دیا۔فلسطین ریڈ کریسنٹ سوسائٹی نے کہا ہے کہ اسے شہید امدادی کارکنوں میں سے ایک رفعت رضوان کے فون سے یہ ویڈیو ملی ہے۔ ویڈیو میں واضح طور پر دیکھا جاسکتا ہے کہ اسرائیلی فوج نے ریڈ کریسنٹ کے نشان والی ایمبولینسوں پر گولیاں برسائیں حالانکہ ایمبولینسوں کی لائٹس اور ایمرجنسی سگنل لائٹس آن تھیں۔
فلسطین ریڈ کریسنٹ سوسائٹی کے عہدیداروں نےکہا کہ انہوں نے تقریباً سات منٹ کی ریکارڈنگ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کو پیش کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ویڈیو اسرائیلی فوج کے اس دعوے کی واضح طور پر تردید کرتی ہے کہ فوجیوں نے ایمبولینسوں کو بغیر سوچے سمجھے نشانہ نہیں بنایا اور یہ کہ کچھ گاڑیاں بغیر لائٹس یا ایمرجنسی مارکنگ کے مشکوک انداز میں پہنچی تھیں۔


































