
نیویارک: امریکا نے سلامتی کونسل میں جنگ بندی کی مجوزہ قرارداد ویٹو کرنے کی دھمکی دیدی۔ سلامتی کونسل کے غیر مستقل رکن الجزائر نے غزہ میں جنگ بندی سے متعلق قرارداد کا مسودہ تیار کرلیا ہے اور اسے ووٹنگ کیلئے منگل کو سلامتی کونسل کے اجلاس میں پیش کیا جائے گا۔ امریکا نے کہا ہے کہ وہ جنگ بندی کی قرارداد کو ویٹو کردے گا۔ اقوام متحدہ میں امریکی ایلچی تھامس گرین فیلڈ نے کہا کہ جنگ بندی کی قرارداد سے اسرائیل اور حماس کے درمیان معاہدے کیلئے جاری مزاکرات پر منفی اثر پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ امریکا، مصر اور قطر کی ثالثی میں یہ بات چیت یرغمالیوں کی رہائی اور لڑائی میں طویل وقفے کے لیے بہترین موقع کی نمائندگی کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مذاکرات میں خلا باقی ہے لیکن اہم معاملات اب بھی میز پر ہیں۔ اگر قرارداد پیش کی گئی تو اسے منظور نہیں کیا جائے گا۔


































