
چین نے امریکا کو دوٹوک پیغام دیا ہے کہ وہ ملکی معاملات میں مداخلت بند کرے اور چین کے مفادات کا احترام کرے۔ چین کے وزیر خارجہ چن گینگ نے اپنے امریکی ہم منصب انٹونی بلنکن سے ٹیلی فون پر گفتگو کی اورکہا کہ امریکا تائیوان جیسے چین کے بنیادی خدشات کا احترام کرے اور مقابلے کے نام پر چین کی خودمختاری، سلامتی اور ترقیاتی مفادات کو نقصان پہنچانا بند کردے۔ انہوں نے کہاکہ اس سال کا آغاز ہوتے ہی چین امریکی تعلقات نے نئی مشکلات اور چیلنجز کا سامنا کیا ہے۔یہ واضح ہے کہ اس کا ذمہ دار کون ہے، چین نے ہمیشہ امریکا کے ساتھ تعلقات کو باہمی احترام، پرامن بقائے باہمی اور تعاون کی نظر سے دیکھا ہے۔ انٹونی بلنکن نے ٹوئٹ کیا کہ انہوں نے چینی ہم منصب سے رابطے کے ذرائع کھلے رکھنے کی کوششوں پر بات چیت کی یے۔


































