
رام اللہ : امریکی وزیرخارجہ انٹونی بلنکن نے گذشتہ روز رام اللہ میں فلسطینی صدر محمود عباس سے ملاقات کی۔ فلسطینی صدر نے فوری جنگ بندی اور انسانی امداد کی اجازت کا دینے کا مطالبہ کیا۔ جنگ بندی کے مطالبات کو نظر انداز کرتے ہوئے انٹونی بلنکن نے کہا کہ تباہ شدہ غزہ کو کس طرح چلانا ہے اس بارے میں گفتگو شروع کررہے ہیں۔ انہوں نے غزہ بھی فلسطینی اتھارٹی کو دینے کا اشارہ دیا ہے۔ محمود عباس نے بلنکن پر واضح کیا کہ غزہ اس ریاست کا "اٹوٹ انگ” ہے جو فلسطینی چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم ایک جامع سیاسی حل کے فریم ورک کے اندر اپنی ذمہ داریاں پوری طرح سے سنبھالیں گے جس میں مشرقی یروشلم اور غزہ کی پٹی سمیت تمام مغربی کنارے شامل ہوں گے۔ دونوں رہنماؤں نے ایک گھنٹے تک ملاقات کی لیکن میڈیا سے خطاب نہیں کیا۔ اس سے پہلے مصر اور اردن نے بھی غزہ کے مستقبل پر بات چیت کو قبل از وقت قرار دیا تھا۔


































