
اسلام آباد : پاکستان کے دفترخارجہ نے امریکی ایوان نمائندگان کی قرارداد پر شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان نے امریکی ایوان نمائندگان میں منظورکردہ قرارداد کو نوٹ کیا ہے۔ تاہم قرارداد کی منظوری کا وقت اور حالات دوطرفہ تعلقات مثبت محرکات سے مطابقت نہیں رکھتے۔ قرارداد پاکستان میں سیاسی صورتحال اور انتخابی عمل سے نامکمل واقفیت کا نتیجہ ہے۔ ترجمان دفترخارجہ کے مطابق پاکستان دنیا کی دوسری بڑی پارلیمانی جمہوریت اور پانچواں بڑا جمہوری ملک ہے۔ پاکستان آئین اورانسانی حقوق کو اہمیت دینے کا عزم کیے ہوئے ہے اور وہ اپنے قومی مفاد میں قانون کی حکمرانی پرعمل کرتا ہے۔ ترجمان دفترخارجہ کے مطابق پاکستان باہمی احترام اور مفاہمت کی بنیاد پر تعمیری مذاکرات اوررابطوں پر یقین رکھتا ہے۔ ایسی قراردادیں نہ تعمیری ہیں اور نہ ہی بامقصد امید ہے امریکی کانگریس پاک امریکا تعلقات مضبوط بنانے میں معاون کردار ادا کرے گی۔


































