
کراچی : تیل اور گیس کی بڑھتی قیمتوں سے پریشان امریکا نے روس سے خریداری کی اجازت کی مدت میں توسیع کردی ہے۔ امریکی محکمہ خزانہ نے تیل اور گیس کی خریدو فروخت کیلئے روسی بینکوں کے ساتھ لین دین کی مدت 5دسمبر تک بڑھادی ہے۔روس سے لین دین کے لائسنس کی معیاد 24 جون کوختم ہو رہی تھی۔ محکمہ خزانہ کی ویب سائٹ پرجاری بیان کے مطابق تیل اور گیس کی خریداری کیلئے روس کے بینکوں کے ساتھ لین دین کی اجازت دی جا رہی ہے۔ واضح رہے کہ امریکا نے بڑے روسی بینکوں کے ساتھ لین دین پر پابندی عائد کر رکھی ہے اور ان کے اثاثے منجمد کر دیے ہیں، ساتھ ہی امریکیوں پر روسیوں کے ساتھ تجارت کرنے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔


































