
نیویارک: اقوام متحدہ نے غزہ میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی بین الاقوامی تحقیقات کا مطالبہ کردیا۔ اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کمیشن کے سربراہ وولکر ترک نے غزہ پر اسرائیلی حملوں میں بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزیوں کی شدید مذمت کی۔ وولکر ترک کا کہنا تھا کہ بین الاقوامی انسانی قانون کی متعدد اور گہری خلاف ورزیوں کے انتہائی سنگین الزامات ہیں، جو بھی ان کا ارتکاب کر رہا ہے یہ سب کچھ تحقیقات اور احتساب کا مطالبہ کرتا ہے۔ اس سے پہلے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نےغزہ جنگ میں انسانی بنیاد پر وقفے کی قرارداد منظور کرلی۔ قرارداد کے حق میں 12 ووٹ آئے۔ امریکا، برطانیہ اور روس نے ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا۔ قرارداد میں فوری اور انسانی بنیادوں پر جنگ میں وقفے اور راہداریوں کا مطالبہ کیا گیا تاکہ محصور علاقے میں شہریوں تک امداد پہنچائی جا سکے۔ اقوام متحدہ میں اسرائیلی سفیر گیلاد اردان کا کہنا ہے کہ یہ قرارداد حقیقت سے دور اور بے معنی ہے۔


































