
انقرہ : ترک صدر رجب طیب اُردوان نے اقوام متحدہ اور مغرب کو تنقید کا نشانہ بنایا ہےکہ وہ غزہ میں ایک سو چالیس دن سے اسرائیل کے انسانیت سوز جرائم کو صرف دیکھ رہے ہیں۔ ترک صدر نے کہا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل فوری جنگ بندی کا مطالبہ کرنے سے قاصر ہے۔ انہوں نے کہا کہ نہ تو مغربی طاقتوں اور نہ ہی سلامتی کونسل نے اسرائیلی تشدد کو روکنے کے لیے کوئی مفید کوشش کی ہے۔ طیب اردوان نے کہا کہ اسرائیل پروپیگنڈہ اور حقائق مسخ کر کے انسانیت کے خلاف اپنے جرائم کو چھپانے کے لیے تمام ذرائع استعمال کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل عالمی میڈیا تنظیموں پر اپنے اثرو رسوخ کا فائدہ اٹھا رہا ہے اور اس نے غلط معلومات پھیلانے کی کوششوں کو بھی تیز کردیاہے۔ طیب اُردوان نے کہا کہ اہلیان غزہ کے خلاف جاری بربریت کے بارے میں بیداری پیدا کرنا اور اسرائیلی غلط معلومات کو روکنا ترکی کے اہم فرائض میں شامل ہے۔


































