
ابوظہبی: صیہونی حکومت کے قریبی دوست ملک متحدہ عرب امارات نے بھی غزہ سے فلسطینیوں کو بے گھر کرنے کے ٹرمپ کے منصوبے کو مسترد کردیا۔ امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید آل نہیان سے ملاقات کی۔ دونوں رہنماؤں نے مشرق وسطیٰ اور فلسطینی علاقوں کی صورتحال اور غزہ بحران سے متعلق جاری سفارتی کوششوں کے ساتھ متعدد علاقائی اور بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال کیا۔ اماراتی صدر نے فلسطینی عوام کو ان کی سرزمین سے بے دخل کرنے کی کسی بھی کوشش کو مسترد کرتے ہوئے دو ریاستی حل کے ذریعے پائیدار امن کی راہ کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے غزہ کی تعمیر نو کی کوششوں کو طویل مدتی استحکام اور امن سے جوڑے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔ اماراتی صدر نے خبردار کیاکہ تنازع کی شدت میں اضافے سے علاقائی سلامتی کو بڑا خطرہ لاحق ہے۔ امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان تامی بروس نے کہا کہ روبیو کا دورہ علاقائی تعاون، امریکی قیدیوں کی رہائی اور غزہ جنگ بندی معاہدے کے اگلے مرحلے تک پہنچنے پر توجہ مرکوز کرے گا۔


































