
لندن : نیٹو سربراہ جینز اسٹولٹن برگ نے دعویٰ کیا ہے کہ ترک صدر نے سوئیڈن کی نیٹو میں شمولیت پر آمادگی ظاہر کی ہے۔ نیٹو سربراہ جینز اسٹولٹن برگ نے ترکیہ کی رضامندی کو تاریخی دن قرار دیتے ہوئے کہا کہ اردوان سوئیڈن کا معاملہ پارلیمنٹ بھیجنے اور توثیق یقینی بنانے پر رضامند ہوگئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ لیتھونیا میں اردوان اور سویڈن کے وزیر اعظم الف کرسٹرسن کے ساتھ بات چیت کے بعد اسٹولٹن برگ نے کہا کہ ترکی نے آگے بڑھنے پر اتفاق کیا ہے۔ مجھے یہ اعلان کرتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے کہ صدر اردوان نے سویڈن کے الحاق پروٹوکول کو جلد از جلد پارلیمنٹ بھیجنے اور توثیق کو یقینی بنانے کے لیے اسمبلی کے ساتھ مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا ہے۔ سوئیڈن، امریکا اور جرمنی نے ترک صدر کی آمادگی کا خیر مقدم کیا ہے۔ اس سے پہلے ترکیہ کے صدر اردوان نے کہا تھا کہ یورپی یونین انقرہ کے ساتھ طویل عرصے سے تعطل کا شکار رکنیت کے مذاکرات دوبارہ شروع کرتی ہے تو وہ سویڈن کی نیٹو امیدواری کی حمایت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پہلے ترکیہ کی یورپی یونین کی رکنیت کا راستہ کھولیں، پھر ہم اسے سویڈن کے لیے کھولیں گے۔


































