
اسلام آباد: ایوانِ بالا سینیٹ نے الیکشن ملتوی کرنے کی قرارداد کثرتِ رائے سے منظور کر لی۔ انتخابات ملتوی کرانے کی قرارداد آزاد سینیٹر دلاور خان نے پیش کی۔ دلاور خان نے اپنی قرار داد میں مؤقف اختیار کیا کہ کے پی اور بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز پر حملے ہوئے ہیں۔ اکثر علاقوں میں سخت سردی ہے، اس وجہ سے ان علاقوں کی الیکشن کے عمل میں شرکت مشکل ہے۔ جے یو آئی ایف کے ارکان اور محسن داوڑ پر حملہ ہوا، الیکشن کی ریلی کے دوران انٹیلی جنس ایجنسیوں کے تھریٹ الرٹ ہیں۔ قرار داد میں سینیٹر دلاور خان نے کہا گیا ہے کہ سینیٹ کہتی ہے کہ مسائل حل کیے بغیر الیکشن کا انعقاد نہ کیا جائے۔ سینیٹ نے الیکشن ملتوی کرنے کی آزاد سینیٹر دلاور خان کی قرارداد کثرتِ رائے سے منظور کر لی۔ قرارداد کی منظوری کے وقت 14 سینیٹرز ایوان میں تھے۔
پیپلزپارٹی، تحریک انصاف، نون لیگ اور ایم کیو ایم سمیت تمام بڑی جماعتوں نے قرار داد کی مذمت کی ہے اور اسے سازش قرار دیا ہے۔


































