
غزہ : حماس نے غزہ میں امداد سے متعلق سلامتی کونسل کی قرارداد ناکافی قرار دے دی۔ حماس کا کہنا ہے کہ قرارداد غزہ میں ہونے والے نقصانات کا ازالہ نہیں کرسکتی۔ حماس رہنما موسیٰ ابومرزوق نے کہاہے کہ قتل عام نے فلسطینیوں کے لڑنے کی خواہش بڑھا دی ہے۔ حماس کو ختم کرنے کی امریکہ، اسرائیل، مغرب اور خطے کے کچھ ملکوں کی خواہش پوری نہیں ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ فلسطینی عوام ہی انتخاب کریں گے کہ ان کی قیادت کون کرے گا۔ انہوں نے سوال کیا کہ اسرائیل کس کے فائدے کے لیے فلسطینی عوام پر قیادت مسلط کرنا چاہتا ہے؟ یہ کیسی جمہوریت ہے، انسانی حقوق کہاں ہیں؟ عوام کو اپنے مستقبل کا انتخاب کرنے کی آزادی کہاں ہے؟ کیا فلسطینی عوام نہیں ہیں؟ کیا وہ کسی سرپرستی کے بغیر اپنی قیادت کا انتخاب کرنے کے مستحق نہیں ہیں؟۔ حماس کے رہنما حسام بدران نے دو ریاستی حل کے تحت اسرائیل کو تسلیم کرنے کا سوال بے معنی قرار دے دیا۔ انہوں نے کہاکہ اصل سوال جو اٹھایا جانا چاہیے وہ یہ ہے کہ اسرائیلی کیوں ہمارے لوگوں کا قتل عام اور املاک کو تباہ کر رہے ہیں۔ مساجد۔ عبادت گاہوں، اسکولوں اور اسپتالوں کو بھی نہیں بخشا گیا – پانی اور خوراک روک رہے ہیں۔


































