
جیکب آباد: مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنماء علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ محرم الحرام کی میٹنگز میں کالعدم تنظیموں سے تعلق رکھنے والے شرپسند عناصر کی موجودگی کسی بھی صورت میں قبول نہیں۔ شیعہ علماء اکابرین اور تنظیمی رہنماؤں کے ہمراہ جیکب آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ ملت جعفریہ کے اکابرین نے انہی شرپسندوں کی موجودگی کے سبب ڈپٹی کمشنر جیکب آباد کی میٹنگ کا بائیکاٹ کیا۔ علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ ملک بھر میں کالعدم دہشت گرد تنظیموں کی شرانگیز سرگرمیوں پر ہمیں شدید تشویش ہے۔ جگہ جگہ کالعدم دہشت گرد ٹولے کے جھنڈے اور اشتہار لگے ہیں۔ جو نیشنل ایکشن پلان کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے۔ لہٰذا تکفیری ٹولے کی شرانگیز سرگرمیوں کو روکا جائے۔


































