
مقبوضہ بیت المقدس: فلسطینی وزیراعظم محمد اشتیہ نے غزہ میں فلسطینی نسل کشی پر اپنا استعفی صدر محمود عباس کو پیش کردیا۔ اشتیہ نے کہا ہے کہ استعفی کا فیصلہ مغربی کنارے میں تشدد میں غیر معمولی اضافے اور غزہ میں نسل کشی اور فاقہ کشی کی روشنی میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ چیلنجوں سے نمٹنے کیلئے نئے حکومتی اور سیاسی انتظامات کی ضرورت ہے۔ جو غزہ کی نئی حقیقت کو مدنظر رکھتے ہوئے فلسطینی اتحاد کو توسیع دے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق واشنگٹن ایک نئی فلسطینی اتھارٹی کے قیام کے لیے دباؤ ڈال رہا ہے جو بدعنوانی یا سستی کے الزامات سے بری ہو اور مغربی کنارے اور غزہ کو متحد کرے۔ رپورٹ کے مطابق نئی حکومت ٹیکنو کریٹس پر مشتمل ہوگی۔ اور ممکنہ طور پر اس کے سربراہ فلسطین انویسٹمنٹ فنڈ کے سربراہ محمد مصطفیٰ ہوں گے۔


































