
کویت سٹی: کویت کے پارلیمانی انتخابات میں اپوزیشن نے میدان مارلیا اور پارلیمنٹ میں اکثریت حاصل کرلی۔ کویت میں 50 رکنی پارلیمنٹ کیلئے چھ جون کو ووٹ ڈالے گئے۔ انتخابی نتائج کے مطابق اپوزیش کے حامی امیدواروں نے انتیس نشستوں پر کامیابی حاصل کرلی۔ کامیاب امیدواروں میں صرف ایک خاتون شامل ہے۔ ووٹنگ کی شرح 51 فیصد رہی۔ 50 میں سے 37 امیدوار دوبارہ اپنی نشستیں حاصل کرنے میں کامیاب رہے جبکہ 13 نئے چہرے ایوان میں پہنچے ہیں۔ کویت میں طویل عرصے سے حکومت اور قانون سازوں کے درمیان سیاسی رسا کشی جاری ہے۔ گذشتہ برس ستمبر کے انتخابات میں حکومت مخالف قانون سازوں کے اکثریت حاصل کرنے پر ولی عہد مشال الاحمد الجابر الصباح نے پارلیمان کو تحلیل کردیا تھا جسے رواں برس مارچ میں عدالت نے بحال کردیا۔ بعد میں حکومت نے پھر اسے تحلیل کردیا۔


































