
لاہور: علامہ سید جواد نقوی نے کہا کہ اس وقت عالم اسلام کے پاس اپنی قوموں کے مفادات کے تحفظ کیلئے واحد راستہ اسلام کے محور پر اتحاد قائم کرنا اور دشمنوں اور مستکبرین کے سامراجی اہداف کا انکار ہے۔ جامعہ عروة الوثقی لاہور میں ہفتہ وحدت اور جشن میلاد نبی کریم ﷺ و امام جعفر صادقؑ کی مناسبت سے وحدت امت کانفرنس سے خطاب میں علامہ سید جواد نقوی نے کہا کہ قرآن مجید مسلمانوں کو آپس میں محبت ،رحم دلی، اور شفقت سے پیش آنے کی وصیت کرتاہے اور تاکید کرتا ہے کہ مسلمان حبل اللہ کے سائے میں اتحاد کے مرکز پر قائم رہیں۔ قرآن مجید اس یکجہتی اور بھائی چارگی کو الله کی ایک نعمت سے یاد کرتا ہے. علامہ سید جواد نقوی نے دنیا بھر میں قرآن سوزی کے واقعات، پیغمبر عظیم الشان اسلام ﷺ کی توہین اور مسلمانوں کے چہرے کو خوفناک بنا کر پیش کرنے جیسے مسائل کو اسلامی تشخص کیساتھ مقابلہ کرنے کے لئے سوچا سمجھا منصوبہ قرار دیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ طاقتور سامراجی طاقتیں اس مقابلہ میں مادی وسائل اور ذرائع ابلاغ کی وسیع تبلیغات کے باوجود اسلام کی عظیم تحریک کے مقابلے میں مغلوب ہوکر رہ گئی ہیں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ اس وقت عالم اسلام کے پاس اپنی قوموں کے مفادات کے تحفظ کیلئے واحد راستہ اسلام کے محور پر اتحاد قائم کرنا اور دشمنوں اور مستکبرین کے سامراجی اہداف کا انکار ہے۔


































