
جدہ : اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) نے غزہ کی تعمیر نو کے عرب منصوبے کی توثیق اور فلسطینیوں کی بیدخلی مسترد کردی۔ او آئی سی کی وزرائے خارجہ کونسل کا غیر معمولی اجلاس جدہ میں تنظیم کے جنرل سیکرٹریٹ میں ہوا۔سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے اپنے خطاب میں غزہ میں جنگ بندی برقرار رکھنے اور اس پر عمل درآمد کی ضرورت پر زور دیا اور فلسطینی عوام کی بے دخلی کی تجاویز کو مسترد کرنے کے موقف کا اعادہ کیا۔
او آئی سی کے سیکریٹری جنرل حسین ابراہیم طحہ نے غزہ کی تعمیر نو منصوبے کی حمایت کا اعادہ کیا جس کی منظوری عرب سربراہ کانفرنس نے دی ہے۔ انہوں نے کہاکہ فلسطینی عوام اپنی سرزمین پر رہنے کا حق رکھتے ہیں کیونکہ یہ ایک مشترکہ اور حقیقت پسندانہ وژن کی نمائندگی کرتا ہے۔ اقوام متحدہ کی ریلیف اینڈ ورکس ایجنسی برائے فلسطینی پناہ گزین کے اہم کردار کو ختم یا تبدیل نہیں کیا جا سکتا۔


































