
بیروت : اسرائیلی فوج کا مشرقی لبنان میں چالیس سال سے لاپتہ پائلٹ رون اراد کی باقیات نکالنے کا مشن ناکام ہو گیا۔ گذشتہ رات دو اسرائیلی ہیلی کاپٹروں نے وادی بقاع کے قصبوں نبی شیت میں کمانڈوز کو اتارا۔ کمانڈوز نے مقامی قبرستان میں قبر کی کھدائی شروع ہی کی تھی کہ حزب اللہ کے جوانوں نے دھاوا بول دیا۔ جھڑپوں کے بعد اسرائیلی فوجی فرار ہوگئے جس کے بعد اسرائیل نے علاقے پر شدید حملے کئے۔ حملوں میں تین لبنانی فوجیوں سمیت اکتالیس افراد شہید ہوگئے۔ رون اراد انیس سو چھیاسی میں لبنان میں ایک فوجی مشن کے دوران لاپتہ ہوگیا تھا۔ اسرائیل کے لبنان پر حملوں میں شہید افراد کی مجموعی تعداد تین سو انتالیس ہوگئی۔


































