
بیروت : حزب اللہ نے اسلامی جہاد کے سینئر کمانڈر کے قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس طرح کی ٹارگٹ کلنگ کبھی بھی صیہونی حکومت کو اپنے مذموم عزائم کو آگے بڑھانے میں مدد نہیں دے گی۔ شام کے دارالحکومت دمشق کے باہر دیہی علاقوں میں 31 سالہ علی رمزی الاسود کو قتل کرنے کا گھناؤنا جرم صہیونی دشمن کی پہچان ہے۔ حزب اللہ کے اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ مزاحمتی تحریکوں کے کمانڈروں اور جنگجوؤں کی ٹارگٹ کلنگ صہیونی دشمن کو ان سازشوں کو عملی جامہ پہنانے میں کسی بھی طرح مدد نہیں دے گی جس پروہ بہت زیادہ بھروسہ کررہی ہے۔ اس کے برعکس، اس طرح کی حرکتیں ہمارے لوگوں کی چوکسی کو بڑھا دے گی۔ حزب اللہ نے کہا کہ یہ جرم ایک ایسے وقت میں ہوا ہے جب اسرائیلی دشمن ان حملوں سے نمٹ رہا ہے جو مزاحمتی قوتیں اس کے خلاف مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں کر رہی ہیں۔ اس سے قبل اسلامی جہاد گروپ کے عسکری ونگ القدس بریگیڈ نے بتایا کہ دمشق کے دیہی علاقوں میں صیہونی دشمن نے بزدلانہ کارروائی میں علی رمزی الاسود کو شہید کردیا تھا۔


































