
بغداد: عراقی مزاحمتی تحریک النجباء کے ترجمان حسین الموسوی نے مقبوضہ فلسطین کے شمال میں واقع صیہونی بندرگاہ حیفا پر متعدد کروز میزائل داغنے کے کامیاب آپریشن سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہاکہ عراقی مزاحمت کا واضح پیغام یہ ہے کہ اسلامی مزاحمتی محاذ خطے کے اندر موجود اپنے تزویراتی اہداف سے کبھی دستبردار نہیں ہو گی۔ اس بات پر تاکید کرتے ہوئے کہ مزاحمت اس جنگ کو ایک طویل عرصے تک سنبھالنے کے قابل ہے کیونکہ اس کے اندر اس کام کے لئے ضروری تمام صلاحیتیں موجود ہیں، حسین الموسوی نے کہا کہ حیفا کو نشانہ بنانے کے آپریشن میں عراقی مزاحمت کا یہ پیغام پوشیدہ ہے کہ وہ حیفاء سے مزید دور دراز واقع علاقوں تک بھی پہنچ سکتی ہے۔
النجباء کے ترجمان نے تاکید کی کہ ہمارا ایک واضح ہدف ہے اور وہ یہ کہ خطے میں امریکی منصوبے کو ناکام اور غزہ میں غاصب صیہونی دشمن کی تمام کوششوں کو کمزور بنانا! انہوں نے کہا کہ ہم وقتی حملوں کی بات نہیں کر رہے بلکہ ہم امریکہ و غاصب صیہونی رژیم کے تمام گھناؤنے اقدامات کا بھرپور مقابلہ کرنے کے ایک مکمل نظام کی بات کر رہے ہیں۔
دوسری جانب اسرائیلی ذرائع ابلاغ نے بھی اتوار کی شب اعلان کیا تھا کہ ایک بڑا دھماکا ہوا ہے جبکہ اس دھماکے کی آواز مقبوضہ فلسطین کے شمال میں واقع ساحلی شہر حیفاء میں سنی گئی ہے جو عراقی مزاحمت کے کروز میزائلوں کے باعث وقوع پذیر ہوا۔
واضح رہے کہ یہ پہلا موقع ہے کہ جب غزہ میں اسرائیلی جنگی جرائم کا مقابلہ کرنے کے لئے عراقی مزاحمتی محاذ کی جانب سے غاصب صیہونی رژیم کے خلاف کروز میزائلوں کا استعمال کیا گیا ہے۔


































