
غزہ: صیہونی فوج نے ایک بار پھر الشفاء اسپتال پر دھاوا بول دیا۔ حملے میں کئی فلسطینی شہید وزخمی ہوگئے۔ مظلوم فلسطینیوں پر اسرائیلی حملوں کو ایک سو پینسٹھ روز ہوگئے۔ قابض فوج نے الشفا اسپتال کے اطراف شدید فائرنگ اور بمباری کی۔ جس سے متعدد فلسطینی شہید اور زخمی ہوئے۔ حملوں کے دوران اسپتال کو گھیرے میں لے لیا گیا جہاں تیس ہزار سے زائد مریض، طبی عملہ اور بے گھر افراد پناہ لیے ہوئے ہیں۔ میڈیا کے مطابق اسپتال پر حملے میں ٹینک اور ڈرون بھی استعمال کیے گئے۔ اسرائیلی فوج نے اسپتال میں جھڑپوں کے دوران اپنے ایک فوجی کی ہلاکت کا دعویٰ کیا ہے ۔اسرائیل کا دعویٰ ہے کہ اسپتال میں حماس کے کارکن چھپے ہوئے ہیں۔ صیہونی فوج نے اسپتال کی کوریج کیلئے موجود براڈکاسٹنگ وین تباہ کردی جبکہ الجزیرہ کے ایک صحافی کو گرفتار کرلیا۔ دوسری جانب وسطی غزہ میں اسرائیلی حملوں میں بیس فلسطینی شہید اور متعدد زخمی ہو گئے ہیں جن میں بچے بھی شامل ہیں۔ سات اکتوبر سے جاری حملوں میں شہداء کی تعداد اکتیس ہزار سات سو تک پہنچ گئی ہے۔


































