
غزہ: حماس کی جانب سے اقوام متحدہ کی سکیورٹی کونسل میں غزہ میں فوری جنگ بندی کی قرارداد منظور ہونے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ بین الاقوامی برادری قرار داد پر عمل درآمد کیلئے اسرائیل کو پابند کرے۔ حماس ترجمان نے عرب میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قرارداد کا خیرمقدم کیا اور اسے اہم قرار دیا تاہم ان کا کہنا تھا کہ اب دیکھنا یہ ہے کہ بین الاقوامی برادری قرارداد پر عملدرآمد کے لیے اسرائیل پر کس طرح زور ڈالتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اسرائیل کی جانب سے یرغمالیوں کی بات کی جاتی ہے تو اس میں ان 7 ہزار سے زائد فلسطینیوں کا ذکر نہیں ہوتا جو اسرائیل کی قید میں ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ اسرائیل نے 7 ہزار سے زائد فلسطینیوں کو اغوا کیا ہوا ہے اور ہم ان سب کو یرغمالی تصور کرتے ہیں، اگر یرغمالیوں کی رہائی کی بات ہوتی ہے تو اسے دونوں جانب لاگو کرنا ہوگا۔


































