
اسلامی تعاون تنظیم کے جنرل سیکرٹریٹ نے عالمی برادری سے ایک بار پھر مطالبہ کیا ہے کہ وہ اقوام متحدہ کے کمیشن برائے بھارت و پاکستان کی منظور شدہ قرارداد کا احترام کرے جس میں کشمیریوں کو اقوام متحدہ کی نگرانی میں ایک آزادانہ اور غیر جانبدارانہ استصواب رائے کے ذریعے حق خودارادیت دینے پر زور دیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق اقوام متحدہ کے کمیشن برائے بھارت و پاکستان (یو این سی آئی پی ) نے 5 جنوری 1949ء کو متفقہ طور پر یہ قرارداد منظور کی تھی۔ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے اپنی بعد کی قراردادوں میں یو این سی آئی پی کی قرارداد کی توثیق کی تھی۔ جنرل سیکرٹریٹ نے ایک بیان میں کشمیری عوام کے ناقابل تنسیخ حق خودارادیت اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق تنازعہ جموں و کشمیر کے حتمی حل کے لیے او آئی سی کی حمایت کا اعادہ کیا۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ او آئی سی عالمی برادری پر زور دیتی ہے کہ وہ ان قراردادوں پر عمل درآمد کو یقینی بنائے۔


































