
راولپنڈی : آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاکستان آرمی ملکی خود مختاری اور سالمیت کے دفاع کے لیے پوری طرح تیار ہے، بھارتی فوج کے کھوکھلے بیانات ان کی بڑھتی ہوئی مایوسی کی نشاندہی کرتے ہیں جب کہ پاکستان کسی بھی مہم جوئی کا مکمل طاقت کے ساتھ جواب دے گا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی زیر صدارت 267ویں کور کمانڈرز کانفرنس ہوئی۔ ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ کور کمانڈرز کانفرنس میں شرکا نے شہدا افواج پاکستان، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور شہریوں کی لازوال قربانیوں پر خراج عقیدت پیش کیا۔ آئی ایس پی آر نے بتایا کہ فورم نے درپیش خطرات کا مفصل جائزہ لیتے ہوئے علاقائی اور داخلی سلامتی کے منظر نامے پر روشنی ڈالی، شرکا نے لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باؤنڈری کے ساتھ موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ترجمان پاک فوج کے مطابق فورم نے یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر کشمیر کے پُرعزم لوگوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا اور بھارت کی جانب سے غیر قانونی طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی مسلسل خلاف ورزیوں کی شدید مذمت کی اور انہیں خطے کے امن اور استحکام کے لیے سنگین خطرہ قرار دیا۔ کور کمانڈرز کانفرنس کے شرکا نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق کشمیری عوام کے حق خودارادیت کے لیے ان کی جدوجہد میں پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا۔ آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ فورم نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کی مسلسل خلاف ورزیوں سے نمٹنے کے لیے بین الاقوامی تعاون کی اہمیت پر بھی زور دیا۔


































