
جنیوا: اقوام متحدہ کی خوراک و زراعت آرگنائزیشن کے ڈپٹی ڈائریکٹر بیتھ بیکڈول نے غزہ میں دس لاکھ اموات کا خطرہ ظاہر کردیا ہے۔ اقوام متحدہ کے خوراک و زراعت پروگرام کی رپورٹ کے مطابق غزہ میں دس لاکھ افراد شدید غذائی قلت کا شکار ہے جن کی کسی بھی وقت موت ہوسکتی ہے۔ اگر انہیں فوری طور پر طبی امداد اور خوراک فراہم نہ کی گئی تو مئی کا مہینہ غزہ میں قیامت خیز ہوگا۔ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے غزہ کی صورتحال کو انتہائی افسوسناک قرار دے دیا۔ اقوام متحدہ کے فوڈ پروگرام کی رپورٹ پر سیکریٹری جنرل نے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ غزہ میں لاکھوں انسان بھوکے ہیں۔چھوٹے بچے اس قدر کمزور ہوچکے ہیں کہ اب رو بھی نہیں سکتے۔افسوس ہوتا ہے کہ ایسی دنیا میں رہ رہے ہیں جہاں انسان کو بھوک سے مرتے دیکھ کر بھی رحم نہیں کھایا جارہا ہے۔


































