
پیرس : برطانیہ اور یورپی یونین نے اسرائیل سے فلسطینی خاندانوں کی بیدخلی روکنے کا مطالبہ کردیا۔ فرانس سمیت یورپی یونین کے کئی ممالک نے مشترکہ بیان میں صیہونی آبادکاروں کی مغربی کنارے میں واپسی سے متعلق اسرائیلی پالیمنٹ کے بل کی شدید مذمت کی ہے۔ نام نہاد علیحدگی قانون کے تحت صیہونی آبادکاروں کو 2005 میں خالی کرائے گئے مغربی کنارے کے علاقوں میں واپسی کا اختیار ہوگا۔بیان میں اسرائیل کی آبادکاری کی توسیع کی پالیسی کی سختی سے مخالفت کا اعلان کیاگیا اور مشرقی القدس میں سلوان اور شیخ جراح محلوں سے فلسطینی خاندانوں کے جبری انخلاء کے بارے میں سختی سے خبردار کیا۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ انتہائی تشویشناک ہے کہ اسرائیلی حکام رمضان کے مہینے میں مقبوضہ مغربی کنارے اور مشرقی القدس میں فلسطینیوں کے مکانات کی مسماری جاری رکھنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ فلسطینی وزارت خارجہ نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس بل کو نافذ کرنے سے روکنے کے لیے اسرائیل پر دباؤ ڈالے۔قانون کے نفاذ کی کوشش کی گئی تو تنازع میں سنگین اضافہ ہوگا۔


































