
اسلام آباد: قومی اسمبلی میں الیکشن ایکٹ ترمیمی بل کثرت رائے سے منظور کرلیا گیا۔ اسپیکر ایاز صادق کی سربراہی میں ہونے والے قومی اسمبلی کے اجلاس میں چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے پارلیمانی امور نے انتخابات ایکٹ ترمیم بل پر کمیٹی کی رپورٹ بھی پیش کردی جبکہ الیکشن ایکٹ ترمیمی بل زیرِ غور لانے کی تحریک ایوان میں منظور کی گئی۔ تحریک بلال اظہر کیانی نے پیش کی جبکہ اپوزیشن نے اس کی مخالفت کی۔ پی ٹی آئی رکن علی محمد خان نے ترمیمی بل پر ترمیم پیش کی جسے مسترد کردیا گیا۔ علی محمد خان نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ کیا پارلیمنٹ کا یہ کام ہے کہ سیاسی مقاصد کیلئے سپریم کورٹ پر حملہ کرے، قانون سازی کر کے آپ مجھے جائز حق سے محروم نہیں کرسکتے۔ علی محمد خان نے کہا کہ مخصوص نشستوں کا حق ہمیں سپریم کورٹ سے مل گیا ہے، ہمیں کیسے ہمارے حق سے محروم کیا جاسکتا ہے، سپریم کورٹ نے کہا کہ پی ٹی آئی سیاسی جماعت تھی ہے اور رہے گی۔


































