
لاہور : علامہ سید ساجد علی نقوی سے پاکستان کے دورے پر آئے مجمع جہانی تقریب مذاہبِ اسلامی کے سیکریٹری جنرل آیت اللہ ڈاکٹر حمید شہریاری نے وفد کے ہمراہ ملاقات کی۔ملاقات میں مجمع تقریب کی سپریم کونسل کے رکن مولانا نذیر احمد سلامی ، ڈاکٹرآقائی محسن مسچی، علامہ عارف حسین واحدی، مرکزی سیکریٹری جنرل علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی اور سیکریٹری اطلاعات زاہد علی آخونزادہ بھی شریک تھے۔ اس موقع پر آیت اللہ شہریاری نے اتحاد امت کیلئے پاکستان میں علامہ سید ساجد علی نقوی کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ عالمی سطح پر اتحاد امت کی کاوشوں میں اسلامی جمہوریہ ایران اور پاکستان کے علماء اور دانشوروں کی کاوشیں لائق تحسین ہیں، جن سے دنیا کے دیگر اسلامی ممالک مستفید ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے مسلم ممالک کے مابین اسلامی یونین کی تشکیل کی اپنی تجویز کے مفاہیم پر روشنی ڈالی اور مسلمانوں کو عملی طور پر ایک امت کی لڑی میں پرونے کے نظریہ کو قابل عمل قرار دیا۔ اور اس ضمن میں پاکستان میں علامہ سید ساجد علی نقوی کے کردار کو اتحاد امت کے لیے اہمیت کا حامل قرار دیا۔ اس موقع پر علامہ سید ساجد علی نقوی نے مہمانان گرامی کے دورہ پاکستان پر ان کو خوش آمدید کہا اور مجمع جہانی تقریب مذاہبِ اسلامی کی عالم کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے ملک میں نفرت، گروہ بندی اور تکفیر کی فضاءکے خاتمے کے لیے ماضی میں کیے گئے اقدامات سے وفد کو آگاہ کیا اور امن و امان کے ساتھ ملک میں مذہب کے روشن چہرے اور اسلامی احیاءسے عوام کو روشناس کرانے کے بارے میں اپنے تجربات سے آگاہ کیا۔ دونوں رہنماؤں نے مستقبل میں ان تجربات کی روشنی میں اسلامی ممالک کو یکجاءکرنے کی کاوشوں پر بھی اتفاق کیا۔ ملاقات کے آخر میں آیت اللہ شہریاری نے علامہ سید ساجد علی نقوی کو روایتی تحائف پیش کیے۔ بعدازاں وفد کے اعزاز میں علامہ سید ساجد علی نقوی کی جانب سے عشائیہ بھی دیا گیا۔


































