
رام اللہ : فلسطینی وزارت خارجہ نے مغربی کنارے میں 23 فوجی بٹالین کی تعیناتی کی مذمت کرتے ہوئے اسے دوبارہ قبضے کی اسرائیلی کوشش قرار دیا ہے۔ وزارت خارجہ نے ایک بیان میں کہا کہ اسرائیل نے مغربی کنارے کے طول وعرض میں 750 سے زیادہ فوجی چوکیاں قائم کی ہیں۔ یروشلم شہر میں ہزاروں اسرائیلی پولیس اہلکار اس کے علاوہ ہیں۔ وزارت خارجہ نے فوج کی تعیناتی کو ایک نئی کشیدگی کا موجب بننے کے علاوہ فلسطینیوں پر مزید اجتماعی سزائیں مسلط کرنے کے مترادف قرار دیا۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ بڑی تعداد میں فوجی نفری کی تعیناتی اس بات کی عکاسی کرتی ہے کہ اسرائیل تنازعات بات چیت اور سیاسی حل کے بجائے فوجی طاقت سے اپنے مقاصد حاصل کرنا چاہتا ہے اور وہ فلسطینیوں کے دیرینہ حقوق اور مطالبات کو طاقت کے ذریعے دبانے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔


































