
اسلام آباد: حکومت نے پاکستان تحریکِ انصاف پر پابندی لگانے کا فیصلہ کر لیا۔ وزیرِ اطلاعات عطاء اللّٰہ تارڑ نے نیوز کانفرنس میں کہا کہ گزشتہ چند روز سے ملک میں ہیجانی کیفیت پیدا کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ سات خون معاف کے نام سے ایک فلمی ٹریلر چلایا جارہا ہے۔ بتایا جارہا ہے کہ ہم بہت طاقتور ہیں۔ ملک کے ساتھ بہت کھلواڑ ہو چکا۔ عطاء تارڑ کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی پر پابندی کا معاملہ اگلے کابینہ اجلاس میں آسکتا ہے۔ آئین حکومت کو ملک مخالف سرگرمیوں میں ملوث جماعت پر پابندی لگانے کا اختیار دیتا ہے۔ سابق صدر عارف علوی، بانی پی ٹی آئی اور قاسم سوری کے خلاف آرٹیکل 6 کا کیس چلایا جائے گا، ان تینوں اشخاص کے خلاف وفاقی کابینہ سے منظوری کے بعد یہ ریفرنس سپریم کورٹ کو بھجوایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کے مخصوص نشستوں کے فیصلے کے خلاف نظرِ ثانی اپیل دائر کی جائے گی۔


































