
راولپنڈی : چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے سابق وزیراعظم اور بانی چیئرمین تحریک انصاف اور ان کی اہلیہ محترمہ کے نکاح کے حوالے سے خلاف قرآن وشریعت عدالتی فیصلے پر شدید تنقید کرتے ہوئے اسے پاکستان کی عدالتی تاریخ کا بدترین فیصلہ قرار دے دیا۔ انہوں نے کہا کہ دین اسلام میں نکاح کی تنسیخ کا اختیار صرف نبی کریم ختمی مرتبت حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو حاصل ہے۔ شرائط کے قواعد و ضوابط کے مطابق کیا جانے والا نکاح جج کے فیصلے سے منسوخ نہیں ہو سکتا۔جج کے پاس ایسے زوجہ اور شوہر کو جدا کرنے کا کوئی اختیار نہیں جو شرعی نکاح کے بعد راضی خوشی رہ رہے ہوں۔ عورت نے خود تسلیم کیا ہو کہ عدت کی مدت پوری کرنے کے بعد نکاح ہوا تو پھر جج کے فیصلے کی کوئی اخلاقی، قانونی اور شرعی حیثیت باقی نہیں رہتی۔


































