
غزہ: اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ بندی کے پہلے مرحلے میں توسیع کے معاملے پر ڈیڈلاک ہوگیا۔قاہرہ میں مذاکرات کے دوران اسرائیل نے جنگ بندی کے دوسرے مرحلے پر بات چیت کے بجائے پہلے مرحلے میں توسیع کی تجویز دی تھی جسے حماس نے سختی سے مسترد کردیا۔ حماس کے ترجمان حازم قاسم نے کہا کہ غزہ میں جنگ بندی کے دوسرے مرحلے پر کوئی بات چیت نہیں ہو رہی ہے۔ ثالث اور ضامن ممالک کو اسرائیل کو اس کے طے شدہ مراحل میں معاہدے کی پاسداری کرنے کا پابند کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل غزہ کی پٹی پر حملوں کی تجدید کے امکان کے ساتھ مزید یرغمالیوں کو رہا کرنا چاہتا ہے اور جنگ کے خاتمے اور اپنی افواج کو واپس بلانے کے اپنے عزم سے گریز کر رہا ہے۔ حماس جامع معاہدے کے بغیر کسی یرغمالی کو رہا نہیں کرے گی۔


































