
راولپنڈی : بانی پی ٹی آئی عمران خان نے کہا ہے کہ ن لیگ سے ہم کیا مذاکرات کریں اور کیا موسم کی بات کریں، اگر مذاکرات کیے تو ان کی حکومت چلی جائے گی۔ 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کی سماعت کے دوران میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں پاکستان کے لیے مذاکرات کرنا چاہتا ہوں اپنی ذات یا حکومت کےلیے نہیں، پہلے بھی کہا تھا اگر میرے پیچھے ہٹنے سے ملک کوفائدہ ہوتا ہے مجھے مطمئن کریں میں پیچھے ہٹ جاتا ہوں۔ عمران خان نے کہا کہ مذاکرات ایسے نہیں ہوتے، محمود خان اچکزئی اگر کوئی پیشکش لے کر آئیں گے تو پھر مذاکرات کرنے کا سوچیں گے، ہم نے محمود خان اچکزئی کو سیاسی اتحاد کے ساتھ بات کرنے کی اجازت دی ہے۔ انہوں ںے کہا کہ اس وقت ملک کرائسز میں ہے، حکومت نے اپنے خرچے کم نہیں کیے جو تکلیف دہ بات ہے، موجودہ حکومت ملک میں سرمایہ کاری کا ماحول نہیں بناسکی، ملک کو مینڈیٹ والی حکومت کی ضرورت ہے جو ریفارمز کرکے ملک کو بچا سکے کیوں کہ پاکستان اس وقت زندگی اور موت کی جنگ لڑ رہا ہے، موجودہ بجٹ نے ثابت کیا کہ مینڈیٹ کے بغیر حکومت ریفارمز نہیں کرسکتی۔ انہوں نے کہا کہ پروفیشنل افراد اور قوم پر ٹیکسوں کی بارش کردی گئی ہے، یکم جولائی کو آنے والے بجلی کے بلوں کے بعد قوم کے ہوش اڑ جائیں گے، لوگوں کی قوت خرید ختم ہوچکی ہے، ایسی قانون سازی کی گئی ہے کہ حوالہ ہنڈی سے پیسہ ملک سے باہر بھیجنے کو روکنے کا طریقہ ہی موجود نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک طرف کہتے ہیں خزانہ خالی ہے دوسری طرف مریم نواز اپنی تشہیر پر اربوں روپے خرچ کررہی ہے، اڈیالہ جیل میں بیٹھے میجر اور کرنل کے خلاف بدھ سے کیس دائر کریں گے جس کے لیے ہدایات جاری کردی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ احسن اقبال نے مجھے 5 سال جیل میں رکھنے کا کہہ کر عدلیہ کی توہین کی ہے، سنئیر وفاقی وزیر کے اس بیان کے بعد یہ ظاہر ہے ملک میں قانون کی حکمرانی موجود ہی نہیں، احسن اقبال ایسے بیانات کس منہ سے دے رہے ہیں؟ ۔عمران خان نے کہا کہ جس شخص نے فراڈ الیکشن کرائے وہ ہمیں انصاف کیسے دے سکتا ہے؟ شہباز شریف کے 5، نواز شریف کے چار، مریم نواز کے 2 اور زرداری کے 10 مقدمات نئے قانون بنا کر ختم کرائے گئے، این آر او ٹو میں بہت بڑا فراڈ کیا گیا ایسی ترامیم کی گئیں جو بنانا ری پبلک میں بھی نہیں کی جاتیں، نیب قوانین میں ترامیم کرکے اپنی چوریاں چھپائی گئیں۔ بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ ملک کا قرضہ ادا کرنے کے لیے مزید قرض لینا پڑے گا، عدلیہ کا امتحان ہے وہ کمزور کے ساتھ کھڑی ہوتی ہے یا طاقتور کا ساتھ دیتی ہے۔


































