
راولپنڈی : پاک فوج کے سربراہ جنرل سید عاصم منیر کی زیرِ صدارت جی ایچ کیو راولپنڈی میں 83 ویں فارمیشن کمانڈرز کانفرنس ہوئی ہے۔ پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ کے مطابق کانفرنس میں کور کمانڈرز، پرنسپل اسٹاف آفیسرز اور پاک فوج کے تمام فارمیشن کمانڈرز نے شرکت کی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق کانفرنس میں فورم کو ملٹی ڈومین خطرات سے نمٹنے کے لیے پاک فوج کی حکمتِ عملی سے بھی آگاہ کیا گیا۔ فارمیشن کمانڈر کانفرنس میں کہا گیا ہےکہ پاکستانی قوم جھوٹ اور پروپیگنڈا کرنے والوں کے مذموم اور مکروہ عزائم سے پوری طرح باخبر ہے، جن کا مقصد جھوٹ اور پروپیگنڈے سے پاکستانی قوم میں مایوسی پیدا کرنا ہے۔ فورم کے مطابق پروپیگنڈے کا مقصد قومی اداروں بالخصوص افواج پاکستان اور عوام کے درمیان خلیج ڈالنا ہے۔ اس موقع پر شرکائے کانفرنس نے کہا کہ اِن ناپاک قوتوں کے مذموم ارادوں کو مکمل اور یقینی شکست دی جائے گی۔
فورم نے اس بات کا اعادہ بھی کیا کہ 9 مئی کے منصوبہ سازوں، مجرموں اور سہولت کاروں کو انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کیا جائے، 9 مئی کے مجرمان کے خلاف فوری، شفاف عدالتی اور قانونی کارروائی کے بغیر ملک سازشی عناصر کے ہاتھوں یرغمال رہے گا۔


































