
انقرہ: ترک صدر رجب طیب اردوان نے اسرائیل کو خبردار کیا ہے کہ وہ ماہِ رمضان میں فلسطینیوں کیلئے مقدس مقامات کو بند کرنے سے باز رہے۔ ترک صدر نے انقرہ میں فلسطینی صدر محمود عباس کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کیا انہوں نے کہا کہ اشتعال انگیزیوں کو روکنے کیلئے متعلقہ حکام کو اپنے پیغامات پہنچا چکے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ انتہا پسند اسرائیلی سیاستدانوں کا مسلمانوں کی حرم الشریف تک رسائی محدود کرنے کا مطالبہ بکواس ہے۔ ترک صدر کا مزید کہنا تھا کہ اسرائیلی آباد کار اسرائیل فلسطین تنازع کے حل کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل نے مسلمانوں کی حرم شریف تک رسائی کو محدود کرنے کا قدم اٹھایا تو اس کے نتائج بلاشبہ بہت سنگین ہوں گے۔


































