
غزہ: اسرائیلی طیاروں نے ایک بار پھر فلسطین میں شہری آبادی کو وحشیانہ بمباری کانشانہ بنا ڈالا۔ تازہ حملوں میں مزید اکیس افراد شہید ہوگئے۔ صیہونی جنگی طیاروں نے رات گئے خان یونس کے مختلف مقامات کو نشانہ بنایا۔ فضائی حملوں میں صحافی یاسر ابو ناموس اور ان کی والدہ سمیت اکیس افراد شہید اور پچاس سے زائد زخمی ہوگئے. سات اکتوبر کے بعد مارے گئے میڈیا ورکرز کی تعداد 23 ہو گئی ہے۔ اسرائیلی فوج نے ڈھائی سو اہداف کونشانہ بنانے کادعویٰ کیا ہے۔
شہادتوں کی تعداد سات ہزار اٹھائیس تک جاپہنچی۔ انیس ہزار سے زائد زخمی ہیں۔ غزہ کی وزارت صحت نے صیہونی حملوں میں شہید سات ہزار سے زائد فلسطینیوں کے نام شائع کردئے۔ یہ نام امریکی صدر کی جانب سے شہیدوں کی تعداد پر اعتراض کے باعث شائع کئے گئے۔
دوسری جانب حماس نے تل ابیب سمیت کئی شہروں کو راکٹوں سے نشانہ بنایا۔ حماس کا کہناہے اسرائیلی بمباری میں اس کے پچاس یرغمالی باشندے مارے گئے ۔ غزہ میں جاری صیہونی حملوں میں چودہ لاکھ افراد بے گھر ہوگئے۔ چھ لاکھ 29 ہزار متاثرین اقوام متحدہ کے عارضی کیمپوں میں پناہ گزین ہیں۔ سیٹلائٹ کی تصاویر سے واضح ہوتا ہے کہ غزہ کا بڑا حصہ ملبے کا ڈھیر بن چکا ہے۔۔


































