
غزہ: حماس نے اسرائیل پر حملے کو صیہونیوں کی مسلسل جارحیت اور مسجد الاقصیٰ کی بے حرمتی کا ردعمل قرار دیا ہے۔ حماس کے ترجمان خالد قدومی نے کہا ہے کہ حماس کی فوجی کارروائی ان تمام مظالم کے جواب میں ہے جن کا فلسطینیوں نے دہائیوں سے سامنا کیا ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ عالمی برادری غزہ میں فلسطینیوں کے خلاف اور ہمارے مقدس مقامات جیسے الاقصیٰ کے خلاف مظالم بند کرے کیونکہ یہ تمام چیزیں اس جنگ کو شروع کرنے کی وجہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیلی فوجیوں اور شہریوں کو یرغمال نہیں بنایا بلکہ وہ جنگی قیدی ہیں۔ اسرائیلی آباد کار بھی قابض ہیں اور بین الاقوامی قوانین کے مطابق وہ حملہ آور ہیں۔ لہذا آج کی صورتحال حملہ آوروں کے خلاف جنگ ہے۔ حماس کے رہنما غازی حماد نے کہا کہ فلسطینی آپریشن ان عرب ممالک کے لیے بھی ایک پیغام ہے جو اسرائیل کے ساتھ تعلقات کو معمول پر لا رہے ہیں۔ میرے خیال میں یہ ان کے لیے شرمناک ہے۔ میں تمام عرب ممالک سے اسرائیل سے تعلقات منقطع کرنے کا کہتا ہوں، کیونکہ یہ ایسی ریاست نہیں ہے جو امن، بقائے باہمی پر یقین رکھتی ہو یا ایک اچھا پڑوسی ہونے پر یقین رکھتی ہو۔ یہ ایک دشمن ریاست ہے اور ہمیں انہیں روکنا ہوگا۔


































