
تہران : ولی امر مسلمین آیت اللہ خامنہ ای نے امریکا کے تیسری بار غزہ جنگ بندی کی قرارداد کو ویٹو کرنے کے اقدام کو مغربی منافقت کا ثبوت قرار دیا ہے۔ ولی امر مسلمین نے شب برات کے موقع پر ایک اجتماع سے خطاب میں کہا کہ غزہ میں مزاحمتی فورسز کی ثابت قدمی اور غاصب فورسز کی نابودی نے دشمن کو مایوس کردیا ہے۔ بمباری اور مصائب کے مقابلے میں غزہ کے عوام کا صبر، ان کے مضبوط دینی ایمان کی عکاسی کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ غزہ کے معاملے میں انسانی حقوق کے تمدن کے مغربی دعوؤں کا پول کھُل چکا ہے اور ان کی ریاکاری اور منافقت طشت از بام ہوگئی ہے۔ آیت اللہ خامنہ ای نے کہا کہ مغرب والےایک مجرم کی سزائے موت پر ہنگامہ کھڑا کر دیتے ہیں لیکن غزہ میں 30 ہزار بے قصوروں کے قتل عام پر آنکھیں بند کر رکھی ہیں۔ امریکا پوری ڈھٹائی کے ساتھ، غزہ میں بمباری رکوانے کی قرارداد کو بار بار ویٹو کر رہا ہے۔


































