
اسلام آباد : ملک بھر میں آج 77 واں یوم آزادی ملی جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے، دن کا آغاز وفاقی دارالحکومت میں 31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں اکیس اکیس توپوں کی سلامی سے ہوا، اس موقع پر پاکستان کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے دعائیں کی گئیں۔
نماز فجر کے بعد مساجد میں ملک کے امن’ سلامتی اور خوشحالی کے لئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں، تحریک آزادی پاکستان کے شہداء کے لئے خصوصی طور پر قرآن خوانی کا اہتمام کیا گیا جن کے طفیل یہ حسین خطہ ارض بہ فضلِ خدا وندِ متعال ہمیں نصیب ہوا۔ اس موقع پر شہدائے تحریک پاکستان کو خراج عقیدت اور غازیوں کو خراج تحسین پیش کیا گیا اس کے علاوہ وطن عزیز کی سالمیت کیلئے قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والوں سے بھی اظہار یکجہتی کیا گیا۔
جشن آزادی پر مزار قائد اور مزار اقبال لاہور میں گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقاریب منعقد کی گئیں۔
جشن آزادی کی مناسبت سے سرکاری اور نجی عمارتوں کے ساتھ ساتھ گلیوں، بازاروں اور عوامی مقامات کو سرسبز پرچموں اور برقی قمقموں سے روشن کیا گیا جبکہ قومی پرچم، پینٹنگز، بانیان پاکستان کے پورٹریٹس، پوسٹرز اور بینرز بھی جگہ جگہ نظر آئے۔
آزاد جموں و کشمیر میں بھی یوم آزادی پاکستان ملی جوش و خروش سے منایا جارہا ہے ، یوم آزادی پاکستان کی مناسبت سے مرکزی تقریب پریڈ گراؤنڈ میں منعقد ہوئی ، تقریب میں قائم مقام صدر چوہدری لطیف اکبر نے پرچم کشائی کی۔ پولیس کے چاک و چوبند دستے نے سلامی پیش کی ، تقریب میں وزیراعظم انوارالحق ، وزرائے حکومت ، سول اور عسکری افسران نے بھی شرکت کی ۔
صدر آصف علی زرداری نے پاکستان کے یوم آزادی کے موقع پر پیغام میں کہا کہ پاکستان کے یوم ِآزادی پر پوری پاکستانی قوم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، یوم آزادی حق خود ارادیت کیلئے ہندوستانی مسلمانوں کی تاریخی سیاسی جدوجہد کا نقطہ عروج ہے۔
صدر مملکت نے کہا کہ پرامن اور جمہوری جدوجہد کے ذریعے پاکستان کا قیام تاریخ کا ایک بے مثل اور بے نظیر باب ہے، پاکستان کیلئے ان گنت قربانیاں دینے والے تحریک ِپاکستان کے رہنماؤں، کارکنان اور اپنے آباؤ اجداد کو خراج ِعقیدت پیش کرتے ہیں۔
یوم آزادی پر وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستانی قوم کو دل کی اتھاہ گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتےہوئے کہا کہ پوری قوم تحریک پاکستان کے گمنام ہیروز کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتی ہے، ان ہیروز نے ایک آزاد مملکت کے قیام کے لیے انتھک جدوجہد کی۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان ہمارے اسلاف کی بے مثال قربانیوں کے نتیجے میں دنیا کے نقشے پر ابھرا، گزشتہ کئی دہائیوں کے دوران پاکستان نے اہم سنگ میل عبور کیے ہیں۔


































