
کراچی : عراق، پاکستان اور ہندوستان میں سید الشہدا حضرت امام حسین علیہ السلام اور ان کے اصحاب باوفا کا یوم چہلم جوش و خروش اور عقیدت واحترام سے منایا جا رہا ہے عراق میں لاکھوں زائرین طویل مسافت طے کرنے کے بعد کربلائے معلیٰ پہنچ چکے ہیں۔ نجف، کاظمین اور سامرا میں بھی مظلوم کربلا امام حسین علیہ السلام کے چاہنے والوں کا ہجوم اپنے عروج کو پہنچ چکا ہے نجف کربلا شاہراہ کربلا کی جانب گامزن لاکھوں زائرین سے بھری ہوئی ہیں پاکستان اور ہندوستان میں بھی شہدائے کربلا کا چہلم نہایت عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جا رہا ہے دونوں ممالک کے چھوٹے بڑے شہروں اور قریوں میں جلوس ہائے عزا، نوحہ و ماتم اور عزاداری کا سلسلہ بڑے جوش و ولولے کے ساتھ جاری ہے اور عزادار، پیغامبر کربلا حضرت امام سجاد علیہ السلام، ثانی زہرا حضرت زینب کبریٰ علیہا سلام اور دیگر اسیران کربلا پر پڑنے والے مصائب و آلام اور انکی جانفشانیوں کو یاد کر کے اشک بہا رہے ہیں ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی کے نشتر پارک سے مجلس کے بعد مرکزی جلوس برآمد ہو گا جو اپنے روایتی مقرر کردہ راستوں سے گزرتا ہوا امام بارگاہ حسینیہ ایرانیاں پر اختتام پزیر ہو گا لاہور راولپنڈی ملتان کوئٹہ پشاور اور دوسرے شہروں میں بھی جلوس عزا نکالے جائیں گے۔ ایران اور بعض دیگر ممالک میں اربعین حسینی گزشتہ روز یعنی پیر کو منائی گئی۔


































